متعلقہ

سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے کا معاملہ؛ حکومت نے اہم اعلان کردیا – پاک لائیو ٹی وی


سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے کا معاملہ؛ حکومت نے اہم اعلان کردیا

حکومت نے سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ، محصولات اور بجلی علی پرویز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان متبادل انرجی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، پالیسی میں تبدیلی مشاورت سے کی جائے گی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ شمسی توانائی کے منصوبوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، سولر سسٹم پر ٹیکس لگانے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔

 وزیر مملکت برائے خزانہ، محصولات اور بجلی نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو مشکل سے نکالنے اور متبادل توانائی کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ منفی سیاست کرنے والوں کو عوام نے پہلے بھی مسترد کردیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر بجلی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ بار بار تردید اور پالیسی بیانات کے باوجود نیٹ میٹرنگ کی پالیسی پر غلط خبریں پھیلا کر ملک اور عوام میں بے چینی اور اضطراب پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر بجلی سردار اویس لغاری نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ ہمارے ملک میں بغیر تصدیق کے خبریں دینے کا رواج چلا ہوا ہے جو کہ ذمہ دارانہ صحافت کے بالکل منافی ہے۔