ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بڑی خبر آگئی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی بجٹ میں بیوروکریسی کی موناٹائزیشن پالیسی میں 40 ہزار سے 60 ہزار روپے اضافے اور گریڈ 20 تک کے افسران کے لیے موناٹائزیشن 65 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 5 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔
گریڈ 21 کے افسران کے لیے 75 ہزار روپے موناٹائزیشن پالیسی کو بڑھا کر 1 لاکھ 20 ہزار جبکہ گریڈ 22 کے افسر کو ملنے والی موناٹائزیشن 95 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 55 ہزار روپے کی تجویز زیر غور ہے۔
ایک سے 22 گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے سے تقریباً 80 ارب روپے کا اثر آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 1 سے 16 گریڈ کے ملازمین کے لیے میڈیکل اور کنوینس الاؤنس میں 200 فیصد اضافے کا مطالبہ ہے، 1 سے 16 اسکیل کے ملازمین کو 18 سو روپے کنوینس الاؤنس اور 1500 روپے میڈیکل الاؤنس مل رہا ہے۔
17 اور 18 گریڈ کے افسران کو اس وقت 5 ہزار روپے کنوینس الاؤنس مل رہا ہے جبکہ 17 سے 18 گریڈ کے لیے بھی کنوینس الاؤنس میں 200 فیصد اضافے کی ابتدائی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے صوبوں اور وفاق کے ملازمین کا تنخواہوں میں فرق کم کرنے کے لیے ڈسپیریٹی الاؤنس جاری رکھنے کی بھی تجویز ہے۔
یاد رہے کہ تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی تجاویز ابتدائی مراحل میں ہیں، حتمی فیصلہ وزیرِ اعظم وزارت خزانہ اور کابینہ کی مشاورت سے کریں گے۔