پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 10 میں جہاں ٹیم کو میری ضرورت ہوگی وہاں بیٹنگ کروں گا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا آغاز رواں سال اپریل میں ہونے جارہا ہے جس کے لیے گذشتہ روز کھلاڑیوں کا ڈرافٹ بھی مکمل کرلیا گیا ہے جب کہ بابر اعظم کو پی ایس ایل 10 کے لیے بھی پشاور زلمی کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
حال ہی میں بابر اعظم نے اپنی بیٹنگ پوزیشن پر بات کرتے ہوئے بتایا ’’جہاں ٹیم کو میری ضرورت ہوگی وہاں بیٹنگ کروں گا‘‘۔
انہوں نے کہا ’’کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں جب کہ ہم نے بہترین کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے عامر جمال کو پہلے منتخب کرلیا گیا‘‘۔
ٹیم کی حکمت عملی پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’’ہمیشہ ہمارا مقصد جیتنے کے لیے اچھا کمبینیشن بنانا ہے اور اس سال بھی ہم نے ٹیم کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے‘‘۔
پشاور زلمی کے کپتان نے نوجوان بولر علی رضا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے بولر ہیں اور انہوں نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ہمیشہ متحرک اور فٹ رہنا ہے جب کہ ذاتی طور پر میں مکمل فٹ اور رواں سیزن کے لیے تیار ہوں۔
پی ایس ایل 10 کے لیے پشاور زلمی کا اسکواڈ:
پلاٹینم کیٹیگری میں بابر اعظم، صائم ایوب اور ٹام کوہلر کیڈمور جب کہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں کاربن باش، محمد علی اور محمد حارث۔
گولڈ کیٹیگری میں عبدالصمد، حسین طلعت اور ناہید رانا جب کہ سلور کیٹیگری میں عارف یعقوب، نجیب اللہ زردان، میکس برائنٹ، مہران ممتاز اور صفیان مقیم شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ایمرجنگ کیٹیگری میں علی رضا اور معاز صداقت کو شامل کیا گیا ہے جب کہ سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں احمد دانیال اور الزاری جوزف موجود ہیں۔