وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انسدادِ دہشت گردی آپریشن پر افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے دو مختلف کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور قابلیت کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
اپنے بیان میں وزیرِاعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی سلامتی کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہیں، جن کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے اور پوری پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔