متعلقہ

سیکیورٹی فورسز کی تین مختلف کارروائیاں؛ 13 خوارج جہنم واصل، ایک افسر شہید – پاک لائیو ٹی وی



سیکیورٹی فورسز کی تین مختلف کارروائیاں؛ 13 خوارج جہنم واصل، ایک افسر شہید

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ مقامات پر کارروائیاں کے دوران 13 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک میجر نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ مقامات پر کارروائیاں کیں جس دوران 13 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بنوں کے علاقے جانی خیل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور جانی خیل میں خوارج کے ٹھکانے کے خلاف موثر کارروائی میں 2 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جب کہ اس دوران دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ 8 کو زخمی کردیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہوگئے۔ 33 سالہ میجر محمد اویس شہید کا تعلق نارووال سے تھا، شہید نے 10 سال تک وطن کا دفاع کیا جب کہ شہید نے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جرات و بہادری کے پیکر میجر محمد اویس شہید نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ میجر محمد اویس نے دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے جان کا عظیم نظرانہ پیش کرکے شہادت کا مقام حاصل کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے تیسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں ہی کی اور فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 خارجی دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ تینوں علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔