سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد پریس کلب کی نو منتخب باڈی کو مبارکباد دی ہے
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کہ آزادی اظہار کے فروغ میں حیدرآباد پریس کلب کا نمایاں کردار ہے۔ انہوں نے میڈیا کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ رائے عامہ کی تشکیل، عوام کی آگہی اور احتساب کو یقینی بنانے میں میڈیا کا کردار انمول ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ جمہوریت کی ترقی اور معاشرے میں مثبت رجحانات کے فروغ کے لیے میڈیا کی شراکت ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ہمیشہ میڈیا کو آزادانہ اور ذمہ داری سے کام کرنے کا ماحول فراہم کرتی رہی ہے۔
سینئر وزیر نے حکومت سندھ کی جانب سے پریس اور صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صحافت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرے گی تاکہ صحافی برادری کی محنت اور پیشہ ورانہ آزادی کو یقینی بنایا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد پریس کلب کی نو منتخب باڈی کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ صحافت کے شعبے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے ہمیشہ عوام کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔