خیرپور پولیس نے 12 سال قبل نوابشاہ سے اغوا ہونے والی خاتون کو بازیاب کر لیا۔ ایس ایس پی خیرپور توحید الرحمان میمن کے احکامات پر پولیس نے بازیاب خاتون کو اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 12 سال قبل مسمات خیران چانڈیو، جو تین بچوں کی ماں تھیں، کو نوابشاہ سے اغوا کر لیا گیا تھا۔ اغوا کے بعد خاتون کو محبوب، خدا بخش، جبلو اور اکبر معرفانی نے کسی اور جگہ فروخت کر دیا تھا۔
پولیس نے خاتون کی بازیابی کے لئے بھرپور کوششیں کیں، مگر کوئی سراغ نہ مل سکا۔
خفیہ اطلاعات پر پولیس متحرک ہوئی اور خیرپور سمیت دیگر اضلاع میں عورت کی تلاش کے لیے مؤثر حکمت عملی اور ٹیکنیکل مدد سے تلاش شروع کی۔
ایس ایچ او وومن پولیس رضیہ شر اور ان کی ٹیم نے مخفی اطلاع ملنے پر گوٹھ سمنگ میں کارروائی کی، جہاں سے اغوا شدہ خاتون کو بازیاب کر لیا گیا۔
خاتون کے ورثاء نے ایس ایس پی خیرپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کی بدولت آج 12 سال بعد ان کی پیاری واپس لوٹی ہے۔