متعلقہ

واپڈا کی خان پور ڈیم سے تجاوزات اور بوٹنگ کے خاتمے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع – پاک لائیو ٹی وی


پاکستان واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے خان پور ڈیم سے تجاوزات اور غیر قانونی موٹر بوٹنگ کے خاتمے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

واپڈا کی جانب سے آئینی درخواست میں ڈیم کی حدود میں جاری سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ خان پور ڈیم کی حدود میں موجود واپڈا کی زمین کو کسی بھی قسم کے استعمال سے روکا جائے اور اس زمین پر ریونیو جمع کرنے کی کوششوں کو بھی ختم کیا جائے۔

مزید براں، درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ٹی ایم اے ہری پور کو ڈیم کی حدود میں لیز جاری کرنے سے روکا جائے۔

واپڈا نے عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ خان پور ڈیم کے 200 فٹ کے دائرے میں کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیر کو روکا جائے اور تفریحی سرگرمیوں سے متعلق جاری احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی فارم ہاؤس نے ماحولیاتی ایجنسی سے منظوری نہیں لی ہے۔

واپڈا کی درخواست میں یہ دلیل دی گئی ہے کہ صاف شفاف ماحول اور پانی کی دستیابی ہر شہری کا آئینی حق ہے۔

 عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ خان پور ڈیم کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ ان مسائل کا حل نکالا جا سکے۔