پاک بحریہ کے جہازوں نے خلیج عرب میں تعیناتی کے دوران کویت اور عراق کا دورہ کیا، جہاں بحری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس رسدگار اور پی این ایس عظمت نے کویت کی بندرگاہ الشویخ، جبکہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز “دشت” نے عراق کی بندرگاہ ام قصر کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں بندرگاہوں پر آمد کے موقع پر پاکستانی سفارتی اور میزبان بحریہ کے اعلی حکام نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ دونوں ممالک کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون، بحری افواج کے مابین رابطے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں کویتی اور عراقی بحریہ کے جہازوں کے ساتھ بحری مشقیں بھی کی گئی، ان مشقوں کا مقصد بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بہتر بنانے اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔
ترجمان پاکفوج کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا کویت اور عراق کا دورہ دوست ممالک کے ساتھ موجودہ سفارتی اور بحری تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔