وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ یورپ کیلئے پی آئی اے کی فلائٹس کا آغاز خوش آئند امرہے۔
وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا یہ فلائٹ آپریشن شروع ہونا اس ادارے کی نجکاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، اب لوگوں کو یقین ہو گیا ہے کہ وہ یورپ کیلئے پی آئی اے میں سفر کر سکیں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ جلد ہی پی آئی اے کو برطانیہ اور امریکہ میں بھی آپریشنل کرنے کی بھی خوشخبر ی ملے گی، جبکہ پی آئی اے کی نجکاری میں حائل مختلف مسائل دور ہو چکے، اب تیزی سے مراحل طے ہوں گے۔
وفاقی وزیر نجکاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی آئی اے کی فروخت کیلئے آئی ایم ایف نے دو اہم ایشوز کو منظور کر لیا ہے، نئے جہازوں کی خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس ختم، پی آئی اے کے تمام نقصانات کو ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کر یں گے۔
عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کو کسی پرانی واجب الادا رقم کے بغیر بیچیں گے، جبکہ ان اصلاحات کے بعد “انویسٹرز “کے لئے پی آئی اے کی خریداری زیادہ پر کشش ہو جائے گی، پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن کیلئے امور تیزی سے نمٹا ئے جا رہے ہیں، جلد اچھی خبر ملے گی۔