متعلقہ

مسلسل دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ – پاک لائیو ٹی وی



مسلسل دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

مسلسل دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد: ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کا پارہ مسلسل دوسرے ہفتے بھی ہائی رہا۔

حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں مزید 0.38 فیصد کا اضافہ ہوا جب کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی سالانہ شرح 4 اعشاریہ 62 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق  ایک ہفتے میں 15 اشیاء ضروریہ مہنگی اور 13 سستی ہوئیں۔

مہنگی ہونے والی اشیاء

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو ریکارڈ 76 روپے 46 پیسے مہنگے ہوئے، فی کلو ٹماٹر کی قیمت ڈبل سنچری کراس کرکے 212 روپے تک پہنچ گئی جب کہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت اوسطاً گزشتہ ہفتے 135 روپے تھی۔

حالیہ ہفتے میں جلانے کی لکڑی فی من 25 روپے سے زائد مہنگی ہوئی، لہسن فی کلو 9 روپے 54 پیسے تک مہنگا ہوا، ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 24 روپے 61 پیسے تک مہنگا ہوا۔

علاوہ ازیں ایک ہفتے میں چینی فی کلو 31 پیسے مزید مہنگی ہوگئی جب کہ ڈالڈا کوکنگ آئل، گھی، صابن، بیف اور گڑ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

سستی ہونے والی اشیاء

ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت 6 روپے تک کم ہوئی اور آلو فی کلو 4 روپے 61 پیسے سستے ہوئے جب کہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 13 روپے 7 پیسے سستا ہوا۔

اسی طرح انڈے، چکن، دال ماش اور دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جب کہ تازہ دودھ، خشک دودھ، دہی اور بجلی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔