متعلقہ

پاکستان میں ہر مسئلے کا حل شادی کو سمجھا جاتا ہے، اداکار اسامہ خان – پاک لائیو ٹی وی



پاکستان میں ہر مسئلے کا حل شادی کو سمجھا جاتا ہے، اداکار اسامہ خان

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اسامہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر مسئلے کا حل شادی کو سمجھا جاتا ہے۔

حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں معروف اداکار اسامہ خان نے بتایا کہ اس وقت اگرچہ متعدد ٹی وی چینلز پر ان کے ڈرامے نشر کیے جا رہے ہیں، تاہم تمام ڈراموں کی شوٹنگ ایک وقت میں نہیں ہوئی تھی، بعض ڈرامے ایک سال قبل ہی بنائے جا چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اتفاق ہے کہ اس وقت ان کے تین سے چار ڈرامے بیک وقت نشر ہو رہے ہیں، ان میں سے بعض ڈرامے ایک سال قبل ہی بنا دیے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں ان پر اہل خانہ کی جانب سے کوئی نہ کوئی کام کرنے کا دباؤ رہتا تھا لیکن گھر سے دور ہونے کی وجہ سے انہیں فائدہ ملا اور کافی عرصہ فارغ رہنے کے بعد انہیں اداکاری کا موقع ملا۔

اسامہ خان نے کہا کہ اداکاری شروع کرنے کے لیے وہ کراچی منتقل ہوگئے تھے، اس لیے گھر والوں کو کچھ پتا نہیں تھا کہ وہ کوئی کام کر رہے ہیں یا نہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ کراچی میں رہنے والے بہت سارے ٹیلنٹڈ لوگ اس لیے اداکاری کے میدان میں نہیں آ سکتے، کیونکہ ان کے اہل خانہ ان کے ہمراہ رہتے ہیں، جو انہیں ہر وقت کوئی نہ کوئی کام کرنے کا کہتے رہتے تھے، جس وجہ سے کراچی کے ٹیلنٹڈ لوگ کچھ عرصہ کوشش کے بعد اداکاری کے بجائے دوسرا کام کرنا شروع کردیتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ شادی سے متعلق جواب دینا نہیں چاہتے، ہر جگہ ان سے یہی سوال کیا جاتا ہے اور یہ ذاتی سوال ہے، ان پر گھر والوں کی جانب سے شادی کرنے کا بہت زیادہ دباؤ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گھر والے انہیں کبھی کبھار شادی کرنے کا کہتے ہیں لیکن ان پر زیادہ دباؤ نہیں رہتا۔

اسامہ خان نے کہا کہ پاکستان میں جہاں بھی گھومنے جائیں ہر جگہ لوگوں کا جم غفیر نظر آتا ہے، پاکستان کی آبادی بہت زیادہ ہے، جس کا ایک سبب لوگوں کی کم عمری میں شادی کروادینا ہے، کم عمری میں شادی کے بعد لوگ بچے پیدا کرتے جاتے ہیں۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر مسئلے کا حل شادی کو سمجھا جاتا ہے اور والدین کی خواہش رہتی ہے کہ لڑکے اور لڑکی کی عمر 30 سال ہونے سے قبل ہی ان کی شادی ہوجائے۔