تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار الو ارجن کے مداح نے دلبرداشتہ ہو کر جیل کے باہر خودسوزی کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب الو ارجن کے 25 سالہ مداح نے اداکار کی رہائی کیلئے جیل کے باہر خودسوزی کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق مداح حیدرآباد کے چنچال گڈا سینٹرل جیل کے باہر پہنچا اور الو ارجن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
اس دوران مداح نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود پولیس اہلکار فوری پہنچ گئے اور اس کی خودسوزی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ملزم کو علاج معالجے کیلئے اسپتال بھیج دیا۔
یاد رہے کہ الو ارجن کو ’ پشپا 2 ‘ کی اسکریننگ کے دوران بھگڈر مچنے کے کیس میں گزشتہ روز ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد آج انہیں 50 ہزار بھارتی روپے کی ضمانت کے مچلکوں پر 4 ہفتوں کی عبوری ضمانت دے دی گئی۔