پینٹاگون نے وضاحت کی ہے کہ امریکہ کی فضاءمیں دیکھے گئےڈرونزکا تعلق ایران سے نہیں تھا ۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے ایک بیان میں پینٹاگون نے کہا کہ امریکی ریاست نیوجرسی کی فضاء میں دیکھے گئے ڈرونز کا تعلق ایران سے نہیں تھا۔
پینٹاگون کے مطابق نیوجرسی کی فضاء میں دیکھے گئے ڈرونز سے متعلق ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ ان کا تعلق کسی دشمن ملک سے تھا۔
پینٹاگون کا کہنا تھا کہ ڈرونز کے حوالے سے رکن کانگریس جیف وان کا دعویٰ غلط ہے۔
واضح رہے کہ جیف وان نے کہا تھا کہ ڈرون مشرقی ساحل کے قریب تعینات ایرانی جہاز سے داغے جا رہے ہیں۔
امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جیف وان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ایران نے چین کے ساتھ ڈرونز، مدرشپ ٹیکنالوجی کا معاہدہ کیا تھا تاکہ وہ آگے بڑھ سکے، یہ ڈرونز گرادینے چاہیے تھے تاہم اس معاملے پر ہمیں فوج الرٹ نظر نہیں آرہی۔
بعد ازاں امریکی ٹی وی کی صحافی نے اسی معاملے پر پینٹاگون کی ترجمان سبرینا سنگھ سے بریفنگ کے دوران جیف وان کے دعویٰ سے متعلق سوال کیا۔
صحافی کے سوال کے جواب میں پینٹاگون کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ان دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے کسی ساحل کے قریب کوئی ایرانی شپ موجود نہیں اور کوئی مدرشپ بھی نہیں ہے جہاں سے ڈرونز لانچ کیے جا رہے ہوں۔