لاہور: چوتھے بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب لاہور میں دھوم دھام سے منعقد ہوئی۔
چوتھے بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی رنگا رنگ تقریب میں افغانستان، بنگلا دیش، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر مختلف اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے اس ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔
تقریب میں سیکرٹری اسپورٹس پنجاب مظفر خان سیال اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری بھی شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ میں تمام مہمان ٹیموں کو خوش آمدید کہتا ہوں، اسپورٹس محبت کا پیغام دیتی ہے اور زندہ دلان لاہور اس بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کبڈی میچ اور اب بلائنڈ ورلڈکپ میں بھی شرکت نہیں کررہا، یہ ایک افسوس ناک بات ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنا بھی افسوس کا باعث ہے۔
صوبائی وزیر نے پنجاب حکومت کی جانب سے 20 ملین روپے کا چیک چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل سلطان شاہ کو دیا۔ فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر ورلڈ کپ کے تمام منتظمین کو مبارکباد دی اور کرکٹ کھیل کر ورلڈ کپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔