سرکاری حج اسکیم، فضائی کرائے میں کمی سے عازمین حج کو ایک ارب 24 کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔
حج کرایوں میں 50 ڈالر فی کس کمی سے 89605 عازمین حج کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ عازمین حج کو گزشتہ برس کے مقابلے میں 14 ہزار روپے کم ادا کرنے ہوں گے۔
عازمین حج سے ہوائی جہاز کے کرائے کی مد میں گزشتہ برس فی کس دو لاکھ 34 ہزار روپے وصول کیے گئے تھے، جبکہ حج 2025 کے لیے فضائی ٹکٹ کم ہوکر دو لاکھ بیس ہزار روپے کا ہوگیا، مسلسل دوسرے سال فضائی ٹکٹ کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
پی آئی اے نے کرائے میں کمی پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس کا اطلاق سعودی عرب سمیت دیگر فضائی کمپنیوں پر بھی ہوگا۔
40 فیصد عازمین حج پی آئی اے اور اتنے ہی سعودی فضائی کمپنی سے حجاز مقدس جائیں گے، 20 فیصد عازمین حج نجی پاکستانی آئیر لائن کے ذریعے سفر کریں گے، جبکہ وزارت مذہبی امور کا پی آئی اے کے بعد سعودی آئیر لائن سمیت نجی آئیر لائن سے رواں ہفتے معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔