متعلقہ

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بلدیہ عظمیٰ کراچی پہنچ گئی – پاک لائیو ٹی وی



آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بلدیہ عظمیٰ کراچی پہنچ گئی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بلدیہ عظمیٰ کراچی پہنچ گئی

کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفتر پہنچ گئی ہے۔

بلدیہ عظمی کراچی میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ٹرافی کا استقبال کیا، میئر کراچی اور ناصر شاہ نے ٹرافی ہاتھوں میں تھام کر پاکستان ذندہ باد کا نعرہ لگایا۔

اس موقع پر میٸر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے اس لیے ہم نے آپ کو بلایا، انشاء اللہ پاکستان چیمپٸنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اچھی روایت ہے کہ ٹرافی کو شہر شہر لے جایا جارہا ہے، کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں وہ ٹرافی کراچی لاٸے، یہ ایونٹ کے آغاز سے قبل لوگوں کے لیے اچھا موقع ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہمیں ٹرافی کو پکڑنے کا موقع ملا۔ سرفراز احمد نے 2017 میں یہ ٹرافی اٹھاٸی تھی اور چیمپٸنز ٹرافی ہمارے لیے بہت بڑا ایونٹ ہے۔

مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ انشاء اللہ ہم پاکستان زندہ باد بھی کہیں گے اور ایونٹ کی میزبانی بھی کریں گے، اگر ایونٹ کے میچز کراچی میں ہوں گے تو فخر کی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی ہر ممکن سپورٹ اس ایونٹ کے لیے دیں گے جب کہ کراچی نے حال میں بڑے ایونٹ کی میزبانی کی ہے۔

خیال رہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 نومبر کو کراچی پہنچی تھی جب کہ ٹرافی کے دورے کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہوا تھا جس کے بعد ٹرافی کو دامن کوہ لے جایا گیا۔

علاوہ ازیں چیمپئنز ٹرافی کو فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم سمیت متعدد تعلیمی اداروں اور مختلف مقامات پر بھی لے جایا گیا جب کہ ٹرافی نے ٹیکسلا، خانپور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی کا ٹور بھی کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے بھارتی دباؤ پر ٹرافی کے دورہ پاکستان شیڈول میں رد و بدل کیا ہے جب کہ تین شہروں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کا دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔