وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کچھ دن میں پتا چل جائے گا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی سیاسی پستی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آئی، کل جو کچھ بیان دیا گیا اس سے مذہب کی بھی توہین کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو بانی پی ٹی آئی کے پاس بھجوایا، بشریٰ بی بی نے سیاسی وراثت کا کلیم کیا ہے، بھاوج اور نند کے درمیان ایک کشمکش چل رہی ہے، اندرون خانہ لڑائی شروع ہے، بہت گندی صورتحال ہے، انکو بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی جماعت کی وراثت حاصل کرنے کے لیے یہ جھگڑا ہورہا ہے، سعودی عرب ہماری بہت مدد کررہا ہے، اب نعرہ لگائیں گے کہ سعودی عرب کی غلامی نامنظور، یہ ملک کی معیشت اور دفاع پر حملہ کرتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، احتجاج کیلئے پیسے مانگے جارہے ہیں، ٹکٹ انکو دیا جاتا ہے جن کی عزت ہو، اللہ انکی گھریلو لڑائی سے پاکستان کو بچائے، لوگوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنا ہی کام رہ گیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ کے پی وزیراعلیٰ کچھ دن بعد پالیمنٹ پر حملہ آور ہوجاتے ہیں، 24 نومبر کی تاریخ دی ہوئی ہے، یہ تیسرا حملہ ہوگا، دہشتگردی کے خلاف کوئی اقدام بتا دیں جو کیا ہو، ایک قبضہ گروپ لاہور دوسرا پاکپتن کا ہے، طعنہ دیتے تھے یہاں موروثی سیاست کی جاتی ہے، ان کی پارٹی میں وراثتی سیاست کی انتہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن کی داستانیں بزدار اور فرح گوگی سے شروع ہوئیں، کچھ دن میں پتا چل جائے گا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا، دیوالیہ پن سیاسی کے ساتھ مذہبی بھی ہے، یہ لوگ خود کو مذہب کا ٹھیکیدار سمجھتے ہیں، گنڈا پور نے کہا سب نے تحفے لیے اگر میرے لیڈر نے لیا تو کیا گناہ کیا، تحفہ سب نے لیا ویڈیو موجود ہے، آڈیو کا سب کو پتا ہے۔