متعلقہ

عہد ساز انقلابی شاعر ’فیض احمد فیض‘ کی 40 ویں برسی – پاک لائیو ٹی وی



عہد ساز انقلابی شاعر ’فیض احمد فیض‘ کی 40 ویں برسی

اردو زبان کے عہدساز اورانقلابی شاعر ،ادیب اور معروف صحافی فیض احمد فیض کو دنیا سے رخصت ہوئے 40 برس بیت گئے لیکن وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

فیض احمد فیض اردو شاعری کا ایسا بلند پایہ نام ہیں جس کی گونج دنیا کے بیشتر ممالک میں سنائی دیتی ہے اور دنیا بھر میں اردو شاعری کو پڑھنے اور سمجھنے والے فیض احمد فیض کی فنی عظمت کے قائل ہیں۔

13 فروری  1911 میں سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے فیض احمد فیض نے ابتدائی تعلیم آبائی شہر سے حاصل کی۔

بعد ازاں گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی میں ایم اے جبکہ اورینٹل کالج سے عربی میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔

فیض احمد فیض انجمن ترقی پسند تحریک کے فعال رکن تھے۔ سنہ 1930 میں انہوں نے لبنانی  خاتون ایلس سے شادی کی، ایلس شعبہ تحقیق سے وابستہ تھیں اور فیض احمد فیض کی شاعری اور شخصیت سے بے حد متاثر تھیں۔

فیض احمد فیض نے اپنی انقلابی فکراورعاشقانہ لہجے کو ملا کرایک ایسا لہجہ اپنایا جس سے اردو شاعری میں ایک نئی جمالیاتی شان پیدا ہوگئی۔

ان کے سیاسی خیالات وافکارآفاقی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری موجودہ عہد کی شاعری نظرآتی ہے۔

فیض احمد فیض 20 نومبر 1984ء کو 73 برس کی عمر میں مداحوں سے بچھڑ گئے ان کی شاعری آج بھی ہمیں ظلم کے خلاف کھڑے ہونے اور ایک بہتر مستقبل کا خواب دیکھنے کی اُمید دیتی ہے، فیض احمد فیض کا کلام ان کے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور ان کا فلسفہ محبت اور انقلاب کا پیغام دیتا رہے گا۔