بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں، وزیر خزانہ – پاک لائیو ٹی وی


بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ویون گروپ کے وفد نے ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ نے ٹیکس اصلاحات کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے، اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن سے محصولات میں شفافیت آئے گی، رواں مالی سال وفاقی ٹیکس ریونیو میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آر کے سسٹم میں ابتک 6 لاکھ نئے فائلر شامل کیے گئے ہیں، ہمیں ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کیلئے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8 سے 9 فیصد تک ہے جو بہت کم ہے، آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہونے تک تناسب 13.5 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ نے نجکاری پروگرام آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت کے حوالے سے بڑی واضح ہے، بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں، بیرونی سرمایہ کاری کی خواہش صرف نجی شعبے کے ذریعے پوری ہو سکتی ہے۔


Exit mobile version