متعلقہ

وزیراعظم کا موسم سرما کے لئے بجلی کے نرخوں میں ریلیف کا اعلان – پاک لائیو ٹی وی



وزیراعظم کا موسم سرما کے لئے بجلی کے نرخوں میں ریلیف کا اعلان

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے موسم سرما کے لئے بجلی کے نرخوں میں ریلیف کا اعلان کردیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے سردیوں کے 3 ماہ بجلی کے نرخ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بجلی سہولت پیکیج کا اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گھروں کے لئے اضافی بجلی پر نرخ 26 روپے فی یونٹ تک ہوگا، گھریلو صارفین کے لئے 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ فلیٹ ریٹ ہوگا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ کمرشل صارفین کو 22.71 روپے تک فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا، صنعتی صارفین کو 15 روپے فی یونٹ تک ریلیف ملے گا جب کہ پیکیج موسم سرما کے 3 ماہ دسمبر سے فروری تک ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ بجلی کے استعمال پر اضافی بل نہیں دینا پڑے گا، پالیسی ریٹ کے ساتھ مہنگائی میں بھی کمی ہوئی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی جب کہ معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔

وزیراعظم کہتے ہیں کہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی، زراعت میں ترقی ہوگی جب کہ مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہوکر 6 فیصد پر آگئی ہے اور شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد پر آگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب، قطر گیا اور وہاں کہا کہ اب کشکول لے کر نہیں آؤں گا، ہرجگہ یہی پیغام دیتا ہوں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، بجلی سہولت پیکیج سے صنعتوں کا پہیہ چلے گا اور روزگار ملے گا۔