حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں اہم سنگ میل حاصل کرلیا – پاک لائیو ٹی وی



حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں اہم سنگ میل حاصل کرلیا

حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں اہم سنگ میل حاصل کرلیا

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے اہم سنگ میل حاصل کرلیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جس میں قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اہم سنگ میل حاصل کرلیا ہے۔

انہوں نے 5 وکٹیں 8 اوورز میں 29 رنز دے کر حاصل کی ہیں جب کہ 30 اکتوبر 2020 کو قومی فاسٹ بولر نے ڈیبیو کیا تھا۔

حارث رؤف ڈیبیو کے بعد سے 39 میچز میں 77 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جو کہ اس عرصے میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

ان کی یہ وکٹیں کسی بھی پاکستانی بولرز کے ابتدائی 39 میچز میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں جب کہ انہوں نے ثقلین مشتاق اور شاہین آفریدی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جو ابتدائی 39 میچز میں 76 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 163 رنز پر ہی ڈھیر کردی۔

حارث رؤف نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ محمد حسنین اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جواب میں قومی بولرز کی طرح بلے بازوں نے بھی شاندار بیٹنگ کی صلاحیتوں کو مظاہرہ کیا اور مقررہ ہدف 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نوجوان کھلاڑی صائم ایوب نے 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 82 رنز اسکور کیے جب کہ عبداللہ شفیق 64 اور بابر اعظم نے 15 رنز بنائے۔

Exit mobile version