متعلقہ

بابر اعظم کو ڈراپ کیوں کیا، سابق چیف سلیکٹر کی پی سی بی پر کڑی تنقید – پاک لائیو ٹی وی


بابر اعظم کو ڈراپ کیوں کیا، سابق چیف سلیکٹر کی پی سی بی پر کڑی تنقید

بابر اعظم کو ڈراپ کیوں کیا، سابق چیف سلیکٹر کی پی سی بی پر کڑی تنقید

سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے بابر اعظم کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کے فیصلے پر پی سی بی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے ایک انٹرویو کے دوران بابر اعظم کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کے ساتھ پی سی بی کے رویے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

اقبال قاسم نے کہا کہ ہماری ذہنیت ایسی بن گئی ہے کہ جو بھی ٹاپ پرفارمر ہوتا ہے اسے کپتان بنادیا جاتا ہے لیکن جب اس کرکٹر کو کوئی مشکل پیش آتی ہے تو اسے دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بابر اعظم کو سنچریاں اور نصف سنچریاں بناتے ہوئے دیکھنے کے عادی ہوچکی ہیں جب کہ ان کی خراب اننگز بھی 30،35 رنز کی ہوتی ہے اور دوسرے کھلاڑیوں کو یہ رنز کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بابر اعظم کے لیے معیار اتنا بلند کردیا ہے کہ اگر وہ 100 رنز بناتے ہیں تو ٹیم میں رہے گے لیکن انہیں ہر میچ میں 100 ہی رنز کیوں بنانے ہوں گے۔

سابق چیف سلیکٹر نے برے وقت میں کھلاڑیوں کا ساتھ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ظہیر عباس سمیت ہر عظیم کرکٹر نے مشکل وقت کا سامنا کیا ہے، ایسے وقت میں ہمیں ان کھلاڑیوں کا ساتھ دینے اور ان کے حوصلے بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

اقبال قاسم کہتے ہیں کہ میری ذاتی رائے ہے کہ بابر اعظم نے بطور کپتان خدمات انجام دی ہیں اور ایک اچھی پوزیشن پر پہنچے ہیں جب کہ وہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دنیا کے نمبر ون کھلاڑٰی ہے جن کے پاکستان سمیت انگلینڈ اور بھارت میں بھی بے شمار مداح ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کو اس وقت سہارے کی ضرورت ہے لہذا ہمیں انہیں کھلانا چاہیے تھا بھلے ہی آپ انہیں کپتانی سے ہٹادیں لیکن ایک کھلاڑی کے طور پر وہ ٹیم میں جگہ کا مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بابر اعظم کو قومی اسکواڈ سے ڈراپ کردیا تھا۔