وزیراعظم کی لبنان وغزہ کیلئے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری بھیجنے کی ہدایت – پاک لائیو ٹی وی


وزیراعظم کی لبنان وغزہ کیلئے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری بھیجنے کی ہدایت

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے لبنان اورغزہ کے لیے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری طور بھیجنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ ہوائی راستے کے علاوہ زمینی راستے سے بھی ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان روانہ کیا جائے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم شہبازشریف کی زیرِصدارت غزہ، فلسطین اورلبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے لبنان اورغزہ کے لیے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری طور بھیجنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے ہدایت کی کہ ہوائی راستے کے علاوہ زمینی راستے سے بھی ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان روانہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے فلسطین لبنان، اردن اورمصرمیں تعینات پاکستانی سفرا سے روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحقین تک پہنچے۔ انھوں نے امدادی سامان کی ترسیل کی رفتار تیز ترکرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِاعظم نے اپیل کی کہ پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد بڑھ چڑھ کر وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان میں عطیات جمع کروائیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ملک سے باہرمقیم پاکستانی آئی بین نمبرIBAN:PK11SBPD000000111111429 میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں۔

انھوں نے وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان کے حوالے سے بھرپور آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو لبنان و غزہ میں پاکستان کی جانب سے امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ و لبنان میں اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ بہن بھائیوں کے لئے سردی سے بچانے والے ٹینٹس، کپڑے، کمبل، ادویات، اشیائے خورونوش بھجوائے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی حملوں اورمحاصروں کے باعث فلسطین اورلبنان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ جو این جی اوز غزہ اور لبنان کے متاثرین کے لیے قم امدادی سامان بھجوانا چاہتی ہیں انہیں امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

Exit mobile version