متعلقہ

اسرائیل کا ایرانی جاسوس نیٹ ورک پکڑنے کا دعویٰ، 7 اسرائیلی گرفتار – پاک لائیو ٹی وی


اسرائیل کا ایرانی جاسوس نیٹ ورک پکڑنے کا دعویٰ، 7 اسرائیلی گرفتار

اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے ایرانی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے لیے معلوما ت جمع کرنے والے جاسوسی نیٹ ورک کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی شن بیت اور پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد شمالی اسرائیل، بشمول ساحلی شہر حیفا سے 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق ملزمان نے اسرائیلی فوجی اڈوں، توانائی کے انفراسٹرکچر اور بندرگاہوں سے متعلق خفیہ معلومات جمع کیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیل کے خلاف ہونے والی اب تک کی سب سے سنگین نوعیت کی جاسوسی کارروائی ہے جبکہ شن بیت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس نیٹ ورک کی سرگرمیوں سے ریاست کے تحفظ کو نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق تمام گرفتار افراد اسرائیلی شہریت رکھنے والے یہودی ہیں جن میں دو افراد 18 سال سے کم عمر ہیں۔ گرفتار افراد میں سے ایک اسرائیلی فوج کا سابق اہلکار ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اسرائیلی اداروں کے بیان کے مطابق ملزمان کو ایران کی انٹیلیجنس سروس کے دو ایجنٹوں نے خفیہ معلومات جمع کرنے کے احکامات دیے تھے، ان کے اہداف میں شمالی قصبے حدیرہ کا پاور پلانٹ، فضائی اور بحری فوج کے اڈے، آئرن ڈوم فضائی دفاعی نظام اور مختلف بندرگاہیں شامل تھیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق گرفتار افراد پر اسرائیلی فوج کی نیواتم اور رمات ڈیوڈ بیس کی جاسوسی کا الزام ہے، یہ دونوں فوجی اڈے ایران اور حزب اللہ  کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

ملزمان نے جاسوسی کے بدلےلاکھوں ڈالر  وصول کیے جس میں سے کچھ رقم کرپٹو کرنسی کے ذریعے منتقل کی گئی۔

شن بیت کے عہدیدار  کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران بڑی تعداد میں ایسا مواد برآمد ہوا جو ایرانی ایجنٹوں کو فراہم کیا گیا تھا۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مالی لالچ میں آکر ایران کے لیے جاسوسی کی۔