متعلقہ

انسانی دودھ بینک کے قیام کا معاملہ؛ اسلامی نظریاتی کونسل نے اہم سفارشات اور فیصلے کرلیے – پاک لائیو ٹی وی


انسانی دودھ بینک کے قیام کا معاملہ؛ اسلامی نظریاتی کونسل نے اہم سفارشات اور فیصلے کرلیے

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے انسانی دودھ بینک کے قیام کے معاملے پر اہم سفارشات اور فیصلے کرلیے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی صدارت میں ہوا جس میں اسلامی نظریاتی کونسل نے انسانی دودھ کا بینک بنانے کے معاملے پر مزید مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔

انسانی دودھ کا بینک قائم کرنے پر شرعی رائے سندھ حکومت نے طلب کی تھی جب کہ انسانی دودھ بینک کے قیام کی وجہ سے رضاعت کے مسئلے پر علماء اور طبی ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ قانون انفساخ ازدواج مسلمانان کے تفصیلی جائزے کے بعد اس کی منظوری دی، توہین رسالت اور مقدسات اسلام میں سپریم کورٹ کے استفسار پر کونسل نے سفارشات کی منظوری دی۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان کومبارک ثانی کیس کے شاندار فیصلے پر خراج تحسین پیش کیا گیا جب کہ وقف ایکٹ 2020 کے تحت کونسل نے قواعد کے مسودے کی بھی منظوری دی۔