متعلقہ

دھرما پروڈکشن کے 50 فیصد شیئرز ہزار کروڑ روپے میں فروخت – پاک لائیو ٹی وی


دھرما پروڈکشن کے 50 فیصد شیئرز ہزار کروڑ روپے میں فروخت

بھارت کے معروف فلمساز کرن جوہر کے دھرما پروڈکشن کے 50 فیصد حصص سیرین انٹرٹینمنٹ کے مالک آدار پوناوالا نے بھارتی ہزار کروڑ روپے میں حاصل کرلیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھرما پروڈکشن کے حصص خریدنے میں ریلائنس انڈسٹری کے مالک مکیش امبانی اور انٹرٹینمنٹ کمپنی سارے گاما بھی دلچسپی رکھتی تھی، لیکن سیرین انٹرٹینمنٹ نے دھرما پروڈکشن خریدنے میں سبقت حاصل کرلی۔

آدار پونا والا کی قیادت میں سیرین انٹرٹینمنٹ نے دھرما پروڈکشن کے نصف شیئرز حاصل کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ دھرما پروڈکشن میں کرن جوہر کی قیادت کو برقرار رکھیں گے۔

بالی ووڈ پروڈکشن ہاؤس کے اعلان کے مطابق پونا والا کی سیرین انٹرٹینمنٹ نے 1000 کروڑ روپے میں دھرما پروڈکشن کے 50 فیصد حصص خریدے ہیں جبکہ کرن جوہر بقیہ 50 فیصد ملکیت اپنے پاس رکھیں گے۔

دھرما پروڈکشن ہندوستان کی معروف فلم پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سے ایک ہے، جس کی بنیاد یش جوہر نے 1976 میں رکھی تھی۔

2003 میں یش کے انتقال کے بعد اُن کے بیٹے کرن جوہر نے ادارے کی باگ ڈور سنبھالی۔

واضح رہے کہ گزشتہ چار دہائیوں سے دھرما پروڈکشن نے کئی سپر ہٹ یادگار فلمیں دی ہیں، جن میں کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم، مائی نیم اِز خان، اسٹوڈنٹ آف دی ایئر وغیرہ شامل ہیں۔