آئینی ترامیم کے مسودے پر تحریک انصاف کو متفق نہیں کیا جاسکتا، رانا ثناء اللہ – پاک لائیو ٹی وی


آئینی ترامیم کے مسودے پر تحریک انصاف کو متفق نہیں کیا جاسکتا، رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ذاتی رائے ہے آئینی ترامیم کے مسودے پر تحریک انصاف کو متفق نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کابینہ کی منظوری سے کسی مسودے کی حتمی منظوری نہیں ہوئی، پہلے کابینہ، پھر سینیٹ اور پھر قومی اسمبلی سے ان ترامیم کی منظوری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کابینہ کو ترامیم کی ہر شک کے حوالے سے بریف کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ آج دونوں ایوانوں سے یہ مسودہ پاس ہو جائے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کل مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری سے مثبت ملاقات ہوئی، مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج پھر پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی، مولانا کے مطابق پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنا مسودہ خود ایوان میں پیش کریں، امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو قائل کریں گے، ان کی جمہوری سوچ ہے، اس سے قومی سطح پر اتحاد قائم ہوسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی، لاہور اور ہر جگہ مثبت کردار ادا کیا لیکن مجھے پی ٹی آئی سے امید نہیں ہے، پی ٹی آئی کی یہ سیاست ہی نہیں ہے، مشورہ کرنے والے لوگ آج پی ٹی آئی کے ساتھ اڈیالہ گئے تھے، کیا اب انہوں نے علی امین گنڈاپور سے مشورہ کرنا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے صرف تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، یہ مولانا فضل الرحمان کو ڈاج دینے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اجلاس میں ایک مضبوط رائے یہ تھی کہ جو مسودہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ فائنل ہوا ہے وہی پیش کیا جائے، اگر متفقہ مسودہ سامنے نہیں آتا تو پھر ہوسکتا ہے کہ جو حکومتی مسودہ پیش کیا جائے، زیادہ لوگوں کی مجھ سمیت یہ خواہش ہے کہ جو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مسودہ فائنل ہوا ہے وہی پیش ہو۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو قائل کرنے میں کامیاب ہو جائیں، ان دونوں صورتوں کو لے کر کابینہ کل بیٹھے گی، مولانا فضل الرحمان کے مسودے پر پیپلز پارٹی، ن لیگ، اتحادی اور حکومت متفق ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مسودے پر سب متفق ہوئے ہیں اگر پی ٹی آئی متفق نہیں ہوتے تو میں نہیں سمجھتا کہ مولانا اپنے مسودے سے پیچھے ہٹیں گے، مولانا فضل الرحمان شروع سے نہ تو کسی شخصیت کو روکنے کے حق میں ہیں نہ کسی کو لانے کے حق میں ہیں۔

Exit mobile version