وفاقی کابینہ 26 ویں آئینی ترامیم کا مسودہ آج منظور کرے گی – پاک لائیو ٹی وی


وفاقی کابینہ 26 ویں آئینی ترامیم کا مسودہ آج منظور کرے گی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ 26 ویں آئینی ترامیم کا مسودہ آج منظور کرے گی۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ کا فوری اجلاس طلب کیا گیا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم چیمبر میں ہوا، تمام وفاقی وزراء پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کے چیمبر میں موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور اٹارنی جنرل منصور عثمان، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور محسن نقوی بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود تھے۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ کابینہ کا اجلاس آج دوپہر ڈھائی بجے دوبارہ ہوگا، بعض تبدیلیوں کے بعد کابینہ سے ترمیمی بل کی منظوری آج لی جائے گی۔

 اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی میں ڈرافٹ کو حتمی شکل دی گئی، مولانا فضل الرحمان کو بھی ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا، کمیٹی نے جو ڈرافٹ منظور کیا تھا وہ کابینہ کے سامنے رکھا، کابینہ کو پوری طرح بریف کردیا گیا ہے، پچھلے 4 ہفتوں سے تواتر سے یہ کام جاری ہے۔

دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے تک ملتوی ہوگیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 6 بجے ہوگا۔

Exit mobile version