متعلقہ

پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کا آفیشل موقف سامنے آگیا – پاک لائیو ٹی وی


پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کا آفیشل موقف سامنے آگیا

پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کا آفیشل موقف سامنے آگیا ہے۔

اڈیالہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی خوراک، مطالعہ اور ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی دی جاتی ہے، بی کلاس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا الگ سے پکانے کے لیے قیدی کک فراہم کیا ہے، پروفیشنل قیدی کک ان کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا ان کی مرضی سے تیار کرتا ہے۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ناشتے میں کافی، چیہ سیڈ، چکندر کا جوس، دہی، چپاتی، بسکٹ اور کھجوریں استعمال کرتے ہیں، دوپہر کے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سلاد، گرین ٹی اور مٹن کھاتے ہیں، رات میں دلیہ، کوکونٹ، کوکونٹ جوس اور انگور وغیرہ کھاتے ہیں۔

اڈیالہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے، جیل میں متین ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں، گزشتہ دو ہفتوں کے میڈیکل ٹیسٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت یاب ہیں، دو روز قبل پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا۔

بانی پی ٹی آئی کو روزانہ کی بنیاد پر اخبار فراہم کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے ایکسرسائز کرتے ہیں، بی کلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔