ملک کے اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، حنیف عباسی – پاک لائیو ٹی وی


ملک کے اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، حنیف عباسی

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ ملک کے اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

 مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں مقدمات زیر التواء ہیں، لوگ اپنے اپنے اداروں میں ڈکٹیٹر بنے بیٹھے تھے، جس جس نے جو جو موقع مانگا اسے دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے لیڈر سے پوچھ لیں اسکا جو جواب آنا ہے ہمیں پتہ ہے، ان کے لیڈر نے یہی کہنا ہے کہ نہیں نہیں میں نہیں مانتا، وہ کہے گا جب تک ملک میں انتشار رہے گا میری سیاست رہے گی۔

 حنیف عباسی نے کہا کہ حکمت نہیں منصوبہ سازی کے تحت ملک پر حملہ کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے خلاف بیان دیں میں کہوں گا حق ادا کر دیا، ملک کے اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، کیا ہم نے جیل اور سزائیں برداشت نہیں کیں؟

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اتفاق رائے کیلئے جو کچھ ہو رہا ہے وہ بہتر ہو رہا ہے، یہ صورتحال چند گھنٹوں میں ختم ہونے جا رہی ہے، آپ اپنے لیڈر سے بھی بات کرلیں، مسلم لیگ ن نے فسطائیت کے دور میں سب سے زیادہ سزائیں بھگتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ کھیلے جانے والے خطرناک کھیل کو ناکام بنانا ہے، شہدا کی قربانیوں کا کسی کو مذاق اڑانے نہیں دیں گے، بیرونی آقاؤں کے کہنے پر کھیلے جانے والے کھیل کو پسپا کر دیں گے۔

Exit mobile version