عوام کے مسائل حل کرکے اعتماد کی بحالی ضروری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان – پاک لائیو ٹی وی


عوام کے مسائل حل کرکے اعتماد کی بحالی ضروری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرکے اعتماد کی بحالی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و منیجنگ ڈائریکٹر عمران عباسی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی تلاش و قدرتی وسائل کو بہتر طور پر بروئے کار لانے سے متعلق تبادلہ کیا گیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تیل و گیس اور معدنیات کی تلاش کے لئے نئے ایکسپلوریشن بلاکس کی تلاش ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے پی پی ایل کے سماجی بہبود فنڈز کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے اور سوئی معاہدہ کی توسیع کو باہمی سمجھوتے سے جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر و منیجنگ ڈائریکٹر عمران عباسی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی توسیع پر پی پی ایل انتظامیہ صوبائی حکومت سے تصفیہ طلب امور طے کرے، جبکہ مسائل کے حل کیلئے قابل قبول فارمولا اوربلوچستان خصوصاً سوئی کے لئے ایک بہتر سی ایس آر پلان مرتب کیا جائے۔

  سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئی، ڈیرہ بگٹی میں عوامی مسائل کا حل صوبائی حکومت اور پی پی ایل کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ سی ایس آر کے تحت سماجی بہبود کے قابل عمل منصوبے تشکیل دئیے جائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے پی پی ایل سربراہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سوئی کی دو کالونیز کو ترجیح طور پر گیس فراہم کرکے عوام کو مسائل سے نجات دلائی جائے۔

انہوں نے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ سماجی بہبود کے منصوبوں میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے، عوام کے مسائل حل کرکے اعتماد کی بحالی ضروری ہے ، پی پی ایل قومی ادارہ ہے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

Exit mobile version