متعلقہ

ہمیں غربت کے خاتمے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنا ہے، گورنر سندھ – پاک لائیو ٹی وی


ہمیں غربت کے خاتمے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنا ہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمیں غربت اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنا ہے۔

کامران خان ٹیسوری نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس برس تھیم “منصفانہ، پُرامن اور جامع معاشرہ کے لئے سماجی اور ادارہ جاتی بد سلوکی کا خاتمہ”ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے 1992 میں غربت کے خاتمہ کے عالمی دن کے طور پر اسے تسلیم کیا، یہ دن ہمیں غربت اور امتیازی سلوک کے خاتمہ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید تیز کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمہ کے لئے گورنر انیشیٹیو کے تحت ابتک 8.5 لاکھ سے زائد راشن بیگز تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک ایسی دنیا کے لیے پر عزم ہیں جہاں ہر فرد کے لیے کامیابی کے مواقع یکساں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فرض نہیں ہے، یہ پائیدار ترقی کے حصول اور سب کے لیے امن و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی شرط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی ہر پالیسی کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے، حکومت نے اپنے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کے اقدامات کے ذریعے غربت کے خاتمے کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات بھی انتہائی اہم ہیں، ہماری کوششوں کا مقصد کمیونٹیز، خاص طور پر خواتین اور بچوں کو بااختیار بنانا ہے، انہیں وہ ذرائع فراہم کرنا ہے جن سے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر ہو سکے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں مہنگائی اور معاشی بے یقینی سمیت عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت پاکستان اپنے لوگوں کے لیے زندگی کو مزید آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے سے لے کر رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے تک، ہم طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں، ہمارے اقدامات لاکھوں خاندانوں کو مالی مدد اور تکنیکی مدد فراہم کرکے زندگیوں کو بدل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ڈی جیز میں غربت کا خاتمہ بھی سرفہرست ہے، جن کے حصول کے لیے پاکستان پوری طرح پرعزم ہے، ہم اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، جامع ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، اور ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے اہداف کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی فخر ہے، خواتین کی شراکت ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، آج کے دن غربت کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مشترکہ مقصد اور عزم کے ساتھ اکٹھے ہو کر ہم ایک ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو ترقی کرنے اور کامیاب ہونے کا موقع ملے، حکومت پاکستان کی جانب سے میں اس مقصد کے لیے اپنی غیر متزلزل لگن کا اعادہ کرتا ہوں، معاشرے کے تمام شعبوں کو ایک مزید خوشحال، مساوی اور جامع دنیا کی تعمیر میں ہمارا ساتھ دینے کی دعوت دیتا ہوں۔