متعلقہ

ایس سی او کے سیکرٹری جنرل مہمان نوازی پر پاکستان کے شکر گزار – پاک لائیو ٹی وی


ایس سی او کے سیکرٹری جنرل مہمان نوازی پر پاکستان کے شکر گزار

اسلام آباد: سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور مہمان نواز پر ایس سی او کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

23 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس ختم ہوگیا ہے جس کے بعد پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایس سی او کے سیکرٹری جنرل نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

نیوز کانفرنس سے بات کرتے ہوئے ایس سی او کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ نے کہا کہ پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کے لئے شاندار اقدامات کیے، ایس سی او کی شاندار کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

جانگ منگ نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کا متحرک اور اہم رکن ہے، اجلاس میں ایس سی او کے ترجیح موضوعات پرگفتگو ہوئی اور اجلاس میں اکنامک کے نئے ڈائیلاگ کے تصور کو اپنایا گیا جب کہ تجارت کے لئے مقامی کرنسی اور پراجیکٹ فنانسنگ پر غور کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان اجلاس میں ایس سی او کو جدید بنانے کے مواقع پربھی تبادلہ خیال ہوا جب کہ آستانہ سمٹ میں لیے گئے فیصلوں پر بھی موجودہ اجلاس میں غور کیا گیا۔

ایس سی او کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا ہے کہ ایس سی او کی اندرونی کارکردگی کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوا، اجلاس میں علاقائی اورعالمی اہم امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا جب کہ پاکستان کی مہمان نوازی پر ان کا شکر گزار ہوں۔

اسحاق ڈار

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او سربراہ اجلاس کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں اہم فیصلے کیے گئے جب کہ ایس سی او اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں پائیدار ترقی کے لئے متعدد تجاویز کو منظور کیا گیا اور اجلاس میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا جب کہ تمام سربراہان نے شنگھائی اسپرٹ کے جذبے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی چیلنجز کے باوجود پاکستان ایس سی او چارٹرڈ پر عمل درآمد کررہا ہے، خطےمیں خوشحالی کے لئے نوجوانوں اور خواتین کی ترقی لازمی ہے جب کہ سربراہان نے اختلافات کے باعث بین الاقوامی سرمایہ کاری میں کمی پر خدشے کا اظہار کیا۔