علی امین گنڈاپور نے بطور وزیر اعلیٰ اب تک ہیلی کاپٹر میں سواری نہیں کی، مزمل اسلم – پاک لائیو ٹی وی


علی امین گنڈاپور نے بطور وزیر اعلیٰ اب تک ہیلی کاپٹر میں سواری نہیں کی، مزمل اسلم

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے بطور وزیر اعلیٰ اب تک ہیلی کاپٹر میں سواری نہیں کی۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ڈائریکٹر جنرل ایویشن ائیر کموڈور محمد عاطف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ شاہ خرچیوں نے ملک کو مزید معاشی طور پر کمزور کر دیا، وقت ہے ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ملکیت میں ایک جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر ہے، سندھ حکومت کے پاس ایک جہاز اور دو ہیلی کاپٹر ہیں، خیبر پختونخواہ حکومت کے پاس دو ہیلی کاپٹر ہیں، جو اے این پی نے 2008، 2009 میں خریدے ہیں۔

  مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخواہ واحد صوبہ ہے جس کے پاس جہاز نہیں ہے، بلوچستان حکومت کے پاس ایک جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بطور وزیر اعلیٰ اب تک ہیلی کاپٹر میں سواری نہیں کی ہے۔

  مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز صحت، سیاحت اور انسانی ہمدردی استعمال پر غور و خوض شروع ہوگیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بانی پی ٹی آئی کے صحت اور سیاحت کے ویژن کو بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں۔

Exit mobile version