متعلقہ

وزیراعطم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ – پاک لائیو ٹی وی


وزیراعطم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ

وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا ہے۔

وزیراعظم نے عشائیے میں شرکت کےلیے آنے والے تمام سربراہان مملکت اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔

عشائیے میں روس، تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان، بیلاروس کے وزرائے اعظم، ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت دیگر غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں ایس سی او سمٹ کا باقاعدہ آغاز کل جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا، کل صبح تمام غیر ملکی سربراہان اور وفود جناح کنونشن سینٹر پہنچیں گے۔

جناح کنونشن سینٹر آمد پر وزیراعظم شہباز شریف مہمانوں کا خیر مقدم کریں گے، مہمانوں کی آمد، استقبال اور گروپ فوٹوز کے بعد کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کانفرنس سے افتتاحی خطاب کریں گے اور وزیراعظم کے بعد غیر ملکی وفود کے سربراہان کانفرنس سے خطاب کریں گے، غیر ملکی لیڈرز کے خطاب کے بعد دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے اختتامی کلمات سے کانفرنس کے ایجنڈا آئٹمز مکمل ہوں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایس سی او کے سیکریٹری جنرل کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کریں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔