راولپنڈی: پاک سعودی عرب دو طرفہ دفاعی فورم کا ریاض میں ساتواں اجلاس ہوا جس میں عالمی و علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ٹرائی سروسز وفد کی قیادت چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے کی جب کہ سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع انجینئر طلال بن عبداللہ نے اپنے وفد کی قیادت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیف اف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر نے سعودی افواج کی صلاحیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سعودی معاون وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے بھرپور کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی معاون وزیر دفاع کی جانب سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی پاکستان کے کردار کی تعریف کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ دو طرفہ فورم کے دوران عالمی و علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔