پشاور: پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر شاہد خاقان عباسی کی کڑی تنقید۔
شاہد خاقان عباسی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اپنے ملک کے دارالحکومت پر حملہ آور ہیں، بچہ بچہ جانتا ہے سینیٹ میں بیٹھے لوگ پیسے دے کر آئے ہیں اور یہ وہ لوگ ہیں جن کے سر پر ہم سیاست کرتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج اس ملک میں نااہل کرپٹ آدمی کوتحفظ دیا جاتا ہے، کیا ان نااہل کرپٹ لوگوں کو اسمبلی میں بٹھاکر ملک کی ترقی کرلیں گے؟، کوئی ایک حکومت بتادیں جو عوام کی فلاح کے لئے کام کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے لوگ پوچھتے ہیں کہ پاکستان کا بڑا مسئلہ کیا ہے، اتنے مسائل ہیں کہ مجھے بتاتے ہوئےخوف آتا ہے جب کہ آج پاکستان کا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرآج یہ بچے اسکول نہیں جائیں گے تو کل یہ ملک پر سب سے بڑا بوجھ بنیں گے، کسی صوبے نے بھی ان بچوں کی بات نہیں کی۔
شاہد خاقان عباسی مزید کہتے ہیں کہ نئی نئی اسکیموں کی تو بات کرتے ہیں لیکن 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کی کوئی بات نہیں کرتا جب کہ نہ پڑھنے والے بچوں کی تعداد ملک کی 10 فیصد آبادی سے زیادہ ہے۔