اسلام آباد: آئی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بھی پاکستان کے لیے 3 برس کے لئے 6 ارب ڈالر فنانسنگ کا اعلان کردیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے بریفنگ میں بتایا کہ اے ڈی بی پاکستان کے لئے نئی حکمت عملی بنارہا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام کے مطابق 2025 کے دوران پاکستان میں 1 ارب 85 کروڑ ڈالر سے زائد فنانسنگ ہوگی جب کہ 2026 کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر فنانسنگ کا تخمینہ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ 2027 کے دوران 2 ارب 25 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی جائے گی، 3 برس کے دوران 2.8 ارب ڈالر کی رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔
اے ڈی بی حکام نے بتایا کہ یہ فنانسنگ صحت، تعلیم، کلائمٹ اینڈ ڈیزاسٹر کے منصوبوں پر خرچ ہوگی، اے ڈی بی فنانسنگ ریسورس موبلائزیشن، ایکسپورٹ پروموشن کے لئے بھی خرچ کی جائے گی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ اے ڈی بی فنانسنگ ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن اور ایس او ایز ریفارمز کے لئے خرچ ہوگی۔