متعلقہ

وزیراعظم کی 3 دن میں فلسطین کے لیے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت – پاک لائیو ٹی وی


وزیراعظم کی 3 دن میں فلسطین کے لیے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 3 دن میں فلسطین کے لیے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ اور فلسطین میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تین دن میں حکومت پاکستان کی جانب سے فلسطین کے لیے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی افواج کے زیر عتاب فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے ہمیں بحیثیت قوم متحرک ہونا پڑے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیوں میں ملک کی معروف این جی اوز کو شامل کیا جائے، غزہ سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ طلباء کو پاکستان میں تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس سرگرمی میں سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کی شرکت یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک پاکستان کی جانب سے 1810 ٹن پر مشتمل ادویات، غذائی سامان، ملبوسات اور دیگر امدادی اشیاء کی دس کھیپ فلسطین بھیجی جاچکی ہیں۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 پاکستانی شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لارہی ہے، مزید پاکستانی شہریوں کو جنگ زدہ علاقوں سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔