متعلقہ

کابینہ ڈویژن صدارتی ایوارڈز کے مستحق فنکاروں پر غور کرنے میں ناکام رہتے ہیں، فضیلہ قاضی – پاک لائیو ٹی وی


کابینہ ڈویژن صدارتی ایوارڈز کے مستحق فنکاروں پر غور کرنے میں ناکام رہتے ہیں، فضیلہ قاضی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے کہا ہے کہ کابینہ ڈویژن صدارتی ایوارڈز کے مستحق فنکاروں پر غور کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔

کچھ روز قبل معروف و سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ صدارتی ایوارڈ حاصل کرنا یا ملنا بہت بڑی کامیابی ہوتی ہے اور ایسے ایوارڈز پر فخر بھی کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ شکر ہے کہ ان کے شوہر کو ایسے وقت میں ایوارڈ ملا جب ایسے ویسے لوگوں کو ایوارڈ نہیں مل رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدارتی ایوارڈ کے لیے ان کی فائل بھی پچھلے پانچ سال سے وہیں پڑی ہوئی ہے لیکن ایوارڈز دینے والوں اور سفارش کرنے والوں کو وہ نظر نہیں آتیں، کوئی دوسرا نظر آجاتا ہے۔

فضیلہ قاضی نے کہا تھا کہ ٹی وی چینلز سمیت مختلف افراد صدارتی ایوارڈز سمیت دیگر ریاستی ایوارڈز کے لیے سفارش دیتے ہیں، اس لیے ایسے ایوارڈز کی فائلیں بنتی ہیں۔

سینئر اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ کیبنیٹ ڈویژن میں نہ جانے کون لوگ بیٹھے ہیں، جنہیں کام والے نظر نہیں آتے لیکن انہیں نہ جانے اور کون کون نظر آجاتا ہے۔

اب حال ہی میں سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے اپنے اس بیان پر وضاحت دے دی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک شو میں صدارتی ایوارڈز سے متعلق بیان دیا تھا جو کہ اب سوشل میڈیا پر سیاق و سباق سے ہٹ کر غلط انداز میں وائرل کیا جارہا ہے۔

اداکارہ فضیلہ قاضی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بیان میں اصل میں جو کہا تھا وہ یہ تھا کہ کابینہ ڈویژن کے افراد ان فنکاروں پر غور کرنے میں ناکام رہتے ہیں جو حقیقت میں صدارتی ایوارڈز کے مستحق ہوتے ہیں۔