متعلقہ

ملائیشن وزیر اعظم کے دورہ پاکستان سے باہمی تجارت کو فروغ ملے گا، عاطف اکرام شیخ – پاک لائیو ٹی وی


ملائیشن وزیر اعظم کے دورہ پاکستان سے باہمی تجارت کو فروغ ملے گا، عاطف اکرام شیخ

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ملائیشن وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے باہمی تجارت کو فروغ ملے گا ۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا  کہ فریقین کا دوطرفہ اقتصادی تعاون، تجارت، اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے اور تجارتی عدم توازن کو دور کرنے پر اتفاق خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اس شعبے میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی بہت گنجائش موجود ہےاس کے علاہ تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ٹرانسپورٹ روابط اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور اشتراک کو بڑھانے پر بات چیت بھی متوقع ہے۔

صدر فیڈریشن عاطف اکرام نے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان زراعت کے میدان میں تعاون کے فروغ کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہےدونوں ممالک اس شعبے میں اپنے تجربے اور مہارتوں کا تبادلہ کر سکتے ہیں جس سے برآمدات کو فروغ دیا جا سکتا ہےدوطرفہ تعاون اور مشترکہ اہداف کے ذریعے دونوں ممالک نہ صرف اپنی معیشتوں بلکہ پوری مسلم دنیا کو بھی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔

عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ ملائیشن وزیر اعظم انور ابراہیم کا دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی پاکستان سے ملائیشیا کو حلال گوشت کی برآمد کو سالانہ 200 ملین ڈالر  تک لے جانے کی تجویز قابل عمل ہے کیونکہ حلال صنعت دونوں ممالک کے لیے ایک اہم شعبہ ہے جس میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں خاص طور پر سرٹیفیکیشن، سٹیڈرڈائزیشن اور نئی مارکیٹوں تک رسائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیاجاسکتاہے۔