متعلقہ

تحریک انصاف اور امن و امان دونوں اک دوسرے کے متضاد ہیں، رانا سکندر حیات – پاک لائیو ٹی وی


تحریک انصاف اور امن و امان دونوں اک دوسرے کے متضاد ہیں، رانا سکندر حیات

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور امن و امان دونوں اک دوسرے کے متضاد ہیں۔

  صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں فسادی پارٹی بن کر رہ گئی ہے، تحریک انصاف اپنے بیرونی پشت پناہوں کو آہستہ آہستہ خود بے نقاب کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دینا تحریک انصاف کے مقاصد واضح کر رہا ہے، اسرائیلی جریدے کا بانی پی ٹی آئی کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے بارے انکشاف بھی انہیں بے نقاب کر رہا ہے۔

  رانا سکندر حیات نے کہا کہ سب جان چکے ہیں کہ تحریک انصاف کو کہاں سے سپورٹ مل رہی ہے، تحریک انصاف کی کڑیاں ملانے کی ضرورت باقی نہیں رہ گئی، سب واضح ہے، تحریک انصاف کے فیڈریشن کو توڑنے کے مذموم مقاصد کبھی پورے نہیں ہوں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ گنڈا پور کو کئی بار اپنے حلقے میں جلسے کی دعوت دے چکا، کوئی جواب نہیں ملا، پی ٹی آئی یا گنڈا پور خود کو مقبول سمجھتے ہیں تو میرے حلقے میں جلسہ کر کے دکھا دیں، کوئی اس ملک کے آئین کو بلڈوز کرنا چاہتا ہے تو راستہ روکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اداروں کے خلاف اگر کوئی اپنا متوازی نظام کھڑا کرنا چاہتا ہے تو ایسا نہیں ہونے دیں گے، تحریک انصاف ہمیشہ ایسے وقت میں متحرک ہوتی ہے جب ملک کو معاشی فائدہ ہونے والا ہوتا ہے۔

 رانا سکندر حیات نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں احتجاج، جب ملائیشین وزیراعظم دورہ پاکستان پر اور شنگھائی سمٹ ہونے جا رہی ہے، قوم سب سمجھ اور دیکھ رہی ہے، پی ٹی آئی کا منجن اب نہیں بکے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پختونخواہ کے شرفا بھی تحریک انصاف سے نالاں ہو چکے ہیں، تحریک انصاف کا جو حال ہونے والا ہے، انہیں خود بھی اس کا اندازہ نہیں۔