اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسلام نے استاد کو روحانی باپ کا درجہ دیا ہے۔
عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا کہ اساتذہ قوم کا مستقبل سنوارنے والے معمار ہیں، اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے، اساتذہ مشکل حالات میں بھی امید کی کرن ہوتے ہیں، تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم جو کچھ ہیں اپنے اساتذہ کی دی گی تعلیم و تربیت کی بدولت ہیں، ہمارا مذہب حصول علم اور اساتذہ کے احترام کی تاکید فرماتا ہے، مذہب اسلام نے استاد کو روحانی باپ کا درجہ دیا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اساتذہ کی قدر و منزلت کا اندازہ نبی کریم ﷺ کے اس فرمان سے ہوتا ہے جس میں فرمایا کہ مجھے معلم بنا کر مبعوث کیا گیا ہے، پاکستان کی پارلیمان اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل اور معاشرے میں ان کو جائز مقام دلوانے کیلئے پر عزم ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ آج کا دن اساتذہ کی بے لوث محنت اور لگن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔