پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور بنگلادیش کے شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز کے سر رچی رچرڈسن سیریز میں میچ ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر گیفینی اور پاکستان کے آصف یعقوب فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
دوسرے ٹیسٹ کیلئے کمار دھرما سینا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے جبکہ شرف الدولہ سیکت تھرڈ امپائر ہوں گے۔
آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ پاکستان کے راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ کیلئے کرسٹوفر گیفینی اور شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ کمار دھرما سینا تھرڈ امپائر ہوں گے۔
پاکستان کے فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض نبھائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کا پہلا میچ 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کا دوسرا میچ 15 سے 19 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری میچ راولپنڈی 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔