سابق جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز نے بابر اعظم کی کپتانی سے دستبرداری کے فیصلے کی حمایت کردی۔
جنوبی افریقہ کے سابق بیٹر اے بی ڈویلیئرز نے سماجی رابطے کی سائٹ پر جاری بیان میں بابر اعظم کی کپتانی سے دستبرداری کے فیصلے کی حمایت کردی ہے۔
اے بی ڈویلیئرز نے بابر اعظم کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا ’’مبارک ہو آپ بہترین رہے اور امید کرتے ہیں کہ آپ ٹیم کے لیے مزید رنز بنائیں گے‘‘۔
خیال رہے کہ قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گذشتہ روز سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے تاہم اب وقت آگیا ہے کہ میں استعفیٰ دے کر اپنے کھیل پر توجہ دوں۔
بابر اعظم نے لکھا تھا کہ کپتانی ایک فائدہ مند تجربہ رہا ہے لیکن کپتانی نے کام کا ایک بوجھ بھی ڈالا ہے۔ میں اب اپنی کارکردگی کو ترجیح دینا چاہتا ہوں اور بیٹنگ سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزارنا چاہتا ہوں، جس سے مجھے خوشی ملتی ہے، میں آپ کی غیرمتزلزل حمایت کے لیے شکر گزار ہوں۔
دوسری جانب پی سی بی نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کا فیصلہ بیٹنگ پر مکمل توجہ دینے کی ان کی خواہش ظاہر کرتا ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی مستقبل کی وائٹ بال حکمت عملی تیار کرنے کا عمل شروع کرے گی جس میں نئے کپتان کی سفارش بھی شامل ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے بھی بابراعظم کو سپورٹ کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرے گا، بابراعظم کے پاس پاکستان کرکٹ کو دینے کے لیے اب بھی بہت کچھ موجود ہے۔