پاکستان کشمیریوں کی حمایت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگا، امیر مقام – پاک لائیو ٹی وی


پاکستان کشمیریوں کی حمایت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگا، امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگا۔

انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں ایک وفد کی ملاقات ہوئی۔

 ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈھونگ انتخابات، آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کروا رہا ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف نے ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی، وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ میں اپنے اہم خطاب میں اس اہم مسئلے کو اجاگر کریں گے۔

امیر مقام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں، انتخابات کی کوئی قانونی، اخلاقی یا آئینی بنیاد نہیں ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور مسلم لیگ (ن) اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے، ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں اتحادی حکومت کا حصہ ہے انشاءاللہ کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اس موقع پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version