سندھ ہائی کورٹ کا تمام دیہاڑی دارمزدوروں کی رجسٹریشن کرنے کا حکم – پاک لائیو ٹی وی


سندھ ہائی کورٹ کا تمام دیہاڑی دارمزدوروں کی رجسٹریشن کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ میں دیہاڑی دار سمیت تمام مزدوروں کو سیسی اور ای او بی آئی میں شامل کرنے کے معاملے پر کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے تمام دیہاڑی دارمزدوروں کی رجسٹریشن کرنے کا حکم دے دیا۔ 

سماعت کے دوران جسٹس صلاح الدین پنہورنے ریمارکس دیے کہ ہرچوک چوراہوں پرانسانوں کی منڈیاں لگتی ہیں، یہاں مزدورکھڑے ہوتے ہیں، وہ بھی ایک طرح کی منڈی ہے، جہاں صبح سے لیکر شامل تک مزدور کھڑے ہوتے ہیں۔

عدالت نے سیسی حکام سے استفسارکیا کہ ان مزدوروں کیلئے کیا کیا آپ لوگوں نے؟ کیا سیسی ان مزدوروں کیلئے بھی کچھ کرتی ہے؟

جسٹس صلاح الدین پنہورنے سیسی اور ای یو بی آئی حکام سے استفسارکیا کہ ایسے لوگ بیچارے کہاں جائیں جن کو دیہاڑی نہیں ملتی۔ سیسی قانون میں ان مزدوروں کو شامل کیوں نہیں کیا جا رہا۔ سیسی کے پاس کتنے ورکرز رجسٹرڈ ہیں؟

سرکاری حکام نے جواب دیا کہ 8 لاکھ 76 ہزار مزدور رجسڑڈ ہیں، اس پرعدالت نے سرکاری رپورٹ پرحیرت کا اظہارکیا کہ آج سے دس سال پہلے صرف 6 لاکھ مزدور رجسڑڈ تھے۔ دس سالوں میں کیا صرف 2 لاکھ ہی مزدوربڑھے ہیں؟

جسٹس صلاح الدین پنہورنے کہا کہ جائیں، پہلے مزدوروں کی رجسٹریشن کریں کہ کتنے مزدور ہیں، کمشنرسیسی پیٹرول پمپ، چوکوں، چوراہوں پرجائے، ہرجگہ آپ کو مزدور ملیں گے، آپ لوگوں کو کام نہیں کرنا ہے، ایگریکلچر ورکرز ایکٹ بھی موجود ہے، ان مزدوروں کیلئے کیا کِیا گیا جو زراعت سے وابستہ ہیں، کیا ان کو صرف بینظیر کارڈ کے پیسے دیں گے؟

سندھ ہائی کورٹ نے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کرکرتے ہوئے تمام فریقین کے وکلا کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

Exit mobile version