صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دی ہے۔
صدرمملکت آصف زرداری نے 12 ربیع الاول کے موقع پرقوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم کو 12 ربیع الاول کے پُرمسرت موقع پرمبارکبا دپیش کرتاہوں۔
صدرمملکت نے کہا کہ اللہ نے حضرت محمدﷺکی ولادت کی صورت میں عظیم نعمت عطافرمائی، آپﷺ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے ہدایت کاسرچشمہ ہیں، یہ دن ہرمسلمان کے دل میں عشق رسولﷺکی شمع روشن کرتاہے۔
صدرآصف زرداری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہﷺکی زندگی کوہمارے لیے بہترین نمونہ قراردیا، آپﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ آپﷺ نےعدل وانصاف پرمبنی معاشرہ قائم کیا، چیلنجزکا مقابلہ کرنےکیلئے حضورﷺکی تعلیمات کوزندگی کاحصہ بناناہے۔
صدرآصف زرداری نے کہا کہ رسول اللہﷺ نےارشاد فرمایا بہترین انسان وہ ہےجودوسروں کونفع پہنچائے، نبی اکرمﷺکےانسانیت سےمحبت اورہمدردی کے پیغام کوعام کرنےکی ضرورت ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ آپﷺ کی زندگی ہرلمحے میں انسانیت کی خدمت کاعملی نمونہ ہے، آج دنیا تقسیم اورظلم وزیادتی کاشکارہے،
صدر آصف زرداری نے کہا کہ حضورﷺ نےہرانسان کےساتھ احترام اورعزت کا سلوک کیا، ہمیں دنیابھرمیں بھائی چارے، عدل اورمحبت کوفروغ دینا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام :
وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ پوری امت مسلمہ، بالخصوص پاکستانی عوام کو نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی نسبت سے عید میلاد النبی بہت بہت مبارک ہو۔ 12 ربیع الاوّل کا دن وہ مبارک دن ہے جب اللہ تعالی نے روزِ محشر تک بنیِ نوع انسان کی رہنمائی کیلئے پوری انسانیت کو ایک کامل ہدایت کا نور عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی، ان کی سیرت طیبہ اور کردار، ہمارے لیے ایک ایسی مشعل راہ ہے جس کی روشنی رہتی دنیا تک ہر انسان کی زندگی کیلئے ہدایت کا ذریعہ رہے گی۔
ان کا ہر عمل اور فرمان اس بات کا مظہر ہے کہ انسانیت کو کس طرح محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہ کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے مشکل اور پرفتن دور میں ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو نہ صرف پڑھنے بلکہ اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہےہیں، ان کا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے۔
اُنہوں نے ہمیں اتحاد، محبت، اور بھائی چارے کی تلقین کی، اور یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں۔ آئیے ہم اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔