متعلقہ

وزیر اعلیٰ نے گن پوائنٹ پر ایم این ایز کو احتجاج کا کہا، فیصل کریم کنڈی – پاک لائیو ٹی وی


گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے گن پوائنٹ پر ایم این ایز کو احتجاج کا کہا۔

بول نیوز کے پروگرام ’بول عادل عباسی کے ساتھ‘ میں اینکر پرسن عادل عباسی کے ساتھ گفتگو میں گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست  اور فوج کے خلاف ریلی نکالیں اور تقریریں کریں۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے پی میں کارکردگی نہیں دکھا سکے، وزیر اعظم شہباز شریف کو صوبے کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، جنوبی کے پی میں حکومتی رٹ نہیں ہے۔

گورنر نے کہا کہ امن و امان کی ذمہ داری وزیراعلیٰ کی ہے، پی ٹی آئی نے 10 سالوں میں کے پی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، افغانستان سے بات کرنے کا بیان وزیر اعلیٰ کی بھڑک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے علی امین نے دعویٰ کیا ہے وہ اسمبلی نہیں گئے، پوچھیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو 600 ارب ملے وہ کہاں خرچ کیے، پی ٹی آئی والوں کو پتا ہے کہ وہ کس کس پر شب خون مار کر وزیر اعلیٰ بنے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خواہش ہے کہ مس کال آجائے، وزیراعلیٰ کی گمشدگی فلمی سین سے کم نہیں تھی، پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ بانی باہر آئے، وزیراعلیٰ کے پی کو کونسے اچھے کام میں عدالت بلایا جاتا ہے؟۔

ہتک اس کی ہوتی ہے جس کی عزت ہو، خیبرپختونخوا میں نوکریاں بیچی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ سے متعلق دیئے گئے بیانات پر قائم ہوں، جو افواہیں ہیں شاید 25 ترامیم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے بھی ترامیم کا مسودہ وقت پر شیئرنہیں کیا گیا تھا، چاہئےتھا کہ اتحادمیں ہیں تو مسودہ شیئرکریں، 18 ویں ترمیم کیلئے ایسے لوگوں کے پاس بھی گئے جو ایم این ایز نہیں تھے۔

آئینی ترامیم کیلئے جلد بازی نہیں کرنی چاہئے، مولانا زیرک سیاست دان ہیں انہوں نے اچھے کارڈز کھیلے ہیں، پی ٹی آئی کے دوستوں کو مبارک ہو مولانا کے ساتھ باجماعت نماز پڑھی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی کا سیاسی مسیحا مولانا فضل الرحمان ہیں۔

گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی جانتی ہے مشکلات سے مولانافضل الرحمان نکال سکتے ہیں، ہمیشہ کہتے ہیں جمہوریت بہترین انتقام ہے۔